پنجاب میں الیکشن کے دن غدر مچے گا، رانا ثنا اللہ

رانا ثنااللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں الیکشن عام انتخابات پر اثر انداز ہوگا اور الیکشن کے دن مکمل سیکیورٹی نہ ہوئی تو غدر مچے گا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب میں الیکشن ہوگئے تو ہر بار صوبے میں الیکشن جنرل الیکشن سے چھ ماہ پہلے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت متنازع الیکشن کروانے کی کوشش کی جارہی ہے، الیکشن میں سیکیورٹی بھی پوری نہیں ہوگی، ہمیں تو کہا جارہا ہے اربوں روپے دیں، سیکیورٹی دیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن ایک فرد واحد کی ضد اور تسکین کے لیے کرائے جارہے ہیں اور ملک کو خون میں نہلانے کی کوشش ہورہی ہے، حضور، کسی کی ضد کے اوپر ضد نہ کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اس سے پہلے جتنے بھی الیکشن ہوئے ان میں عدلیہ کا اہم کردار رہا ہے اگر عدلیہ کے پاس ڈی آر او کا آفس نہ ہو تو دیکھ لیں الیکشن کے دن غدر مچے گا۔

انہوں نے کہا کہ متنازع الیکشن سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان کا اندیشہ ہے، ملک کو اس طرف نہ دھکیلیں کہ خدانخواستہ بڑے نقصان کی طرف چلے جائیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ن لیگ ہر وقت الیکشن کے لے تیار ہے ہم عوام میں جانے سے کبھی نہیں گھبراتے لیکن جب تک مکمل سیکیورٹی نہ ہو تو الیکشن کے دن غدر مچے گا۔