کراچی : بینک سے رقم لیکر نکلنے والی خاتون کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا گیا

کراچی : بینک سے رقم لے کر نکلنے والی خاتون کو گھر کی دہلیز پر ہی لوٹ لیا گیا اور ملزمان لوٹ مار کرنے کے بعد موقع سے باآسانی فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی شاہراہیں، رہائشی علاقے، تجارتی مراکز کوئی جگہ محفوظ نہیں، ڈکیت کہیں بھی دندناتے آتے ہیں اور اسلحہ کے زور پر واردات کر کے فرار ہو جاتے ہیں۔

کراچی کے علاقے شاہ لطیف میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والی خاتون کو گھر کی دہلیز پر لوٹ لیا گیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے خاتون اپنے گھر کے باہر رکشے سے اترتی ہے، اسی دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزمان پہنچ جاتے ہیں۔

فوٹیج کے مطابق ملزمان کو دیکھ کر خاتون جلدی جلدی دروازے پر دستک دیتی ہے، اسی دوران مسلح ملزمان خاتون سے پرس چھین لیتے ہیں اور رکشہ ڈرائیور سے بھی لوٹ مار کرتے ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ گھر کا دروازہ کھلتے ہی خاتون گھر میں داخل ہوتی ہے اور مرد باہر آتے ہیں لیکن ملزمان لوٹ مار کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوجاتے ہیں۔

خیال رہے رواں سال کے تین ماہ کے دوران 19 ہزار سے زائد شہریوں کو موٹرسائیکل، موبائل فون اور گاڑیوں سے محروم کردیا گیا جبکہ مزاحمت کرنے پر 34شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قتل بھی ہوئے۔