لندن : انگلینڈ میں جاری کاؤنٹی چیمپئن شپ میں کرکٹ میچ کے دوران ایمپائرز نے اچانک ایسا فیصلہ کیا کہ دیکھنے والے تماشائیوں سمیت کھلاڑی بھی دنگ رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق کاؤنٹی چیمپئن شپ کے موقع پر نوٹنگھم شائر اور ہیمپشائر کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ صورتحال میں اچانک تبدیلی آگئی۔
ایجز باؤل میں کھیلے جانے والے 2023کاؤنٹی چیمپیئن شپ کے ابتدائی میچ میں تین دن کے کھیل کے بعد ہیمپشائر کو اپنی آخری اننگز میں جیتنے کے لیے132 رنز بنانے تھے۔
نک گوبنز نے نصف سینچری اسکور کی وہ ساتھی کھلاڑی جیمز ونس کے ساتھ اپنی ٹیم کو محفوظ اور کامیاب طریقے سے اپنے ہدف کی جانب بڑھ رہے تھے۔
امپائرز نے کھیل کو 15 منٹ تک بڑھا دیا تھا تاکہ بلے بازوں کو سیشن کے اختتام تک فتح حاصل کرنے کا موقع مل سکے، نک گوبنز نے بین سلیٹر کے چوتھے اوور کی چوتھی گیند پر چوکا لگا کر اسکور برابر کردیا اب انہیں جیت کیلئے صرف ایک آخری رن درکار تھا لیکن وہ باقی کی دو گیندوں پر کوئی رن نہ بنا سکے۔
جیسے ہی نوٹنگھم شائر کے فیلڈرز نے اگلے اوور کے آغاز کے لیے اپنی فیلڈنگ پوزیشنوں کی طرف جانا شروع کیا، دونوں امپائرز مشورے کے لیے پاس آئے اور چند لمحوں بعد انہوں نے چائے کے وقفے کا اعلان کردیا، کیونکہ ہیمپشائر کے پاس جیتنے کے لیے 15 منٹ کا وقت باقی تھا۔
اس دوران کمنٹری باکس میں بیٹھے کمنٹیٹرز بھی حیران رہ گئے ایک کمنٹٹر کا بے اختیار کہنا تھا کہ کیا اب چائے کا وقفہ کرنا چاہیے؟ تم مذاق کر رہے ہو کیا؟
فیصلے کے بعد جب کھلاڑی میدان سے باہر نکل رہے تھے تو ویڈیو میں تماشائیوں کو شور مچاتے اور دھیمی تالیاں بجاتے سنا جاسکتا ہے کیونکہ ان کو بھی 15 منٹ ہونے کے باوجود کھیل کو ختم کرنے کے لیے 20 منٹ کا وقفہ لینا بے معنی لگ رہا تھا۔