پارلیمان ہی عوام کی سب سے بڑی عدالت ہے، آصف علی زرداری

ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، پہلے بچایا تھا اور اب بھی بچائیں گے، آصف زرداری

کراچی: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے 1973 آئین گولڈن جوبلی پر بیان جاری کر دیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ آئین کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے، منتخب پارلیمان ہی عوام کی سب سے بڑی عدالت ہے، اس عوامی عدالت کے سامنے سب کو سر تسلیم خم کرنا پڑے گا۔

ساق صدر نے کہا کہ کچھ افراد کے آئین سے انحراف سے ملک مشکل وقت کا سامنا کر رہا ہے، وقت آگیا ہے سب آئین پر عمل کریں، ملک و قوم کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار پارلیمان کا ہے اسے کرنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کے آئین کی صورت میں قوم کو ایسا تحفہ دیا تھا جو متفقہ دستور ہے جس پر قومی اسمبلی کے تمام اراکین کے دستخط ہیں، دستور کی اہمیت یہ ہے کہ قومی اسمبلی میں موجود تمام ممبران جن کا تعلق مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے تھا، نے آئین سے اتفاق کرتے ہوئے اس پر دستخط کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ آمریت کے تاریک ادوار میں پیپلز پارٹی کے جیالوں نے اپنے خون سے چراغ روشن کر کے جمہوریت کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو راستہ دکھایا۔