ممبئی: بالی وڈ کی نامور اداکارہ جیکلین فرنانڈز کو 200 کروڑ منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سکیش چندرا شیکھر نے جیل سے ایک اور محبت بھرا خط بھیج دیا۔
جیکلین فرنانڈز ملزم کی قریبی دوست ہونے کی وجہ سے منی لانڈرنگ کیس میں شاملِ تفتیش ہیں اور کئی بار عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے پیش ہو چکی ہیں۔
سکیش چندرا شیکھر نے مسیحی برادری کے تہوار ایسٹر کے موقع پر خط میں اداکارہ کو مبارکباد دی اور اپنی محبت کا اظہار کیا۔
ملزم نے خط میں لکھا کہ ’یہ آپ کا سب سے پسندیدہ تہوار ہے اور میں اس موقع پر ہم دونوں کے ساتھ ہونے کو یاد کر رہا ہوں۔ میں آپ کا حال ہی میں ریلیز ہونے والا ایک اشتہار بار بار دیکھتا ہوں۔‘
اپنے وکیل اننت ملک کے ذریعے بھجوائے گئے خط میں سکیش چندرا شیکھر نے کہا کہ ’کیا آپ کو اندازہ بھی ہے کہ آپ کتنی خوبصورت ہو میرا بچہ؟ اس دنیا میں آپ جیسا خوبصورت کوئی بھی نہیں ہے۔ میں آپ سے انتہا کی محبت کرتا ہوں۔‘
’ایسا کوئی لمحہ نہیں کہ جب میں آپ کے بارے میں نہ سوچوں، اور یقیناً آپ کو بھی ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہوگا میری شہد کی مکھی۔ جب میں ’تو ملے دل کھلے اور جینے کو کیا چاہیے‘ گانے کا نیا ورژن سنتا ہوں تو مجھے آپ کی بہت زیادہ یاد آتی ہے۔‘