میسی نے رونالڈو کے ریکارڈ پر قبضہ کر لیا

ارجنٹائن کو 36 سال بعد فٹبال کا ورلڈ چیمپئن بنانے والے لیونل میسی نے اپنے حریف پرتگال کے اسٹار فٹبالر رونالڈو کے اہم ریکارڈ پر قبضہ کرلیا۔

چیمپئن لیونل میسی یورپیئن فٹبال کی تاریخ میں سب سے زیادہ 702 گولز کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ میسی نے گزشتہ ہفتے کے روز جب فرنچ لیگ میں پیرس سینٹ جرمین کی نمائندگی کرتے ہوئے نائس کے خلاف گول کیا تو یہ ان کا 702 واں گول تھا اس طرح انہوں نے زیادہ گول کرنے کا کرسٹیانو رونالڈو کا ریکارڈ توڑتے ہوئے اسے اپنے نام کرلیا۔

واضح رہے کہ یورپین کلب فٹبال میں کرسٹیانو رونالڈو کے گولز کی تعداد 701 ہے جو انہوں نے 949 میچز میں اسکور کیے جب کہ میسی نے 841 میچز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔