’گھر کے معاشی حالات خراب تھے والد نے کہا محنت مزدوری کرو‘

احسان اللہ

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر احسان اللہ کا کہنا ہے کہ گھر کے معاشی حالات خراب تھے والد نے کہا سعودی عرب یا دبئی جاکر محنت مزدوری کرو۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے احسان اللہ کا ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا ہے، فاسٹ بولر نے کہا کہ والد نے جب یہ کہا کہ دبئی جاکر محنت مزدوری کرو تو میں نے ان سے کہا کہ کرکٹ کھیلوں گا اور کامیاب ہوکر بھی دکھاؤں گا۔

احسان اللہ نے کہا کہ پی ایس ایل میں کامیابی کے بعد والد بھی مجھ سے خوش ہیں۔

اسپیڈ اسٹار نے کہا کہ شعیب اختر میرے آئیڈیل ہیں اور کوشش ہے کہ 160 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کروں۔

سوات سے تعلق رکھنے والے احسان اللہ نے بتایا کہ ’گاؤں میں مجھ سے عمر میں بڑھے لڑکے کرکٹ کھیلتے تھے لیکن مجھے نہیں کھلاتے تھے کہتے تھے کہ آپ لمبے ہو اور بہت تیز بولنگ کرتے ہو۔‘

واضح رہے کہ احسان اللہ نے پی ایس ایل اور پھر افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شاندار بولنگ کی تھی۔

خیال رہے کہ حالیہ پاک افغان سیریز میں احسان اللہ کے باؤنسر پر نجیب اللہ زردان زخمی ہوگئے تھے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 14 اپریل سے شروع ہونے والی پانچ میچز کی ٹی 20 سیریز میں بھی احسان اللہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔