’وزیراعظم مانگ کر ہمیں دنیا بھر میں ذلیل کر رہے ہیں‘

عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور ٹکٹ ہولڈرز کو اہم ہدایت دے دی

لاہور: سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمارا وزیراعظم مانگ کر ہمیں دنیا بھر میں ذلیل کر رہا ہے۔

زمان پارک میں کارکنان کے ساتھ افطاری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جس معاشرے میں عدل اور انصاف ہوگا وہ ترقی کرے گا، ماضی میں چھوٹے چوروں کو سزا اور بڑے چوروں کو چھوڑ دیا جاتا تھا، عدل اور انصاف نہ ہونے کی وجہ سے قومیں تباہ ہوئیں، یورپ لوگ اس لیے جاتے ہیں وہاں نظام بہتر ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں وسائل زیادہ ہیں لیکن نظام نہیں، پاکستان نظام عدل میں 129 نمبر پر اور یورپ پہلے نمبر پر ہے، ہم ملک میں انصاف کی جنگ لڑ رہے ہیں تاکہ خوشحالی آئے۔