پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا، آئی ایم ایف کو امید

کرسٹالینا جارجیوا

واشنگٹن : آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ امید ہے پاکستان کو سری لنکا اور گھانا جیسی صورتحال کاسامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جارجیوا نے واشنگٹن میں نیوز کانفرنس کی ، پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کے خطرے سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ پاکستان ابھی ڈیفالٹ تک نہیں پہنچا اور بہتر ہے کہ وہاں تک نہ پہنچے۔

ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان کو سری لنکا اور گھانا جیسی صورت حال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور پاکستان موجودہ قرض پروگرام کامیابی سے مکمل کرے گا۔

کرسٹلینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستان نے معاشی اصلاحات پر سنجیدگی سے عمل درآمد کیا ہے، کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، جن معاملات پر اتفاق رائے کیا ان پر عمل سے پروگرام مکمل کرسکتےہیں۔

مینجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر بڑی محنت سے کام کررہے ہیں، پاکستان ایسا پالیسی فریم ورک بنالے جس سے معاشی خطرات ٹل جائیں۔

انھوں نے کہا کہ چاہتےہیں پاکستان پائیدارمعاشی ترقی کی جانب گامزن ہو، دوست ممالک کی پاکستان کو مالی یقین دہانیوں کو یقینی بنانے پربات کر رہے ہیں۔