گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈیجٹیل مردم شماری پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات کے بعد صوبائی مردم شماری کمشنر ٹیم کو گورنر ہاؤس طلب کر لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈیجیٹل مردم شماری پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سخت تحفظات کے بعد صوبائی مردم شماری کمشنر کی ٹیم کو گورنر ہاؤس طلب کرلیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ ٹیم سے مردم شماری کے عمل، خامیوں اور مختلف حلقوں کے تحفظات پر بریفنگ لیں گے اور اس اجلاس میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے نشاندہی پر اقدامات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں ڈیجیٹل مردم شماری پر مبینہ دھاندلیوں کے الزامات اور سیاسی جماعتوں کے تحفظات پر وفاقی وزیر احسن اقبال کو خط بھی تحریر کیا تھا۔
یاد رہے کہ ڈیجیٹل مردم شماری میں کراچی میں خانہ شماری اور مردم شماری کے عمل پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، جماعت اسلامی، مہاجر قومی موومنٹ، مہاجر رابطہ کونسل سمیت دیگر تنظیمیں تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کرچکی ہیں کہ سازش کے تحت کراچی کی گنتی کو ایک بار پھر کم ظاہر کیا جا رہا ہے۔
جماعت اسلامی اس حوالے سے کل سے محکمہ شماریات کے دفتر پر احتجاجی کیمپ لگانے اور عید بعد 30 اپریل کو شارع فیصل پر احتجاجی مارچ کیا جائے گا۔