آزاد امیدوار انتخاب لڑنے کی فیس ’’سِکّوں‘‘ میں لے کر پہنچ گیا

بھارت میں ایک شخص آزاد حیثیت سے انتخاب لڑنے کے لیے الیکشن فیس جمع کرانے کے لیے 10 ہزار کے سکے لے کر پہنچ گیا۔

دنیا کے ہر ملک میں انتخاب لڑنے کی فیس مقرر ہے جو امیدوار جمع کراتا ہے۔ بھارت میں 10 مئی کو کرناٹک اسمبلی کے ہونے والے انتخابات میں ایک آزاد امیدوار سکوں میں الیکشن فیس جمع کرانے کے لیے الیکشن آفس لے کر پہنچ گیا۔

ریاست کرناٹک میں آزاد امیدوار ینکپا نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت جب الیکشن فیس کے لیے مطلوب 10 ہزار کی رقم ایک ایک روپے والے دس ہزار سکے دیے تو وہاں سب پہلے تو حیران رہ گئے۔ تاہم متعلقہ حکام نے سکوں میں ادا کی جانے والی یہ فیس جمع کرلی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال ایک بھارتی شہری کار خریدنے کے لیے لاکھوں روپے کے سکے لے کر شوروم پہنچ گیا تھا۔