احسان اللہ کو نہ کھلانے پر شاہدآفریدی برس پڑے

پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے احسان اللہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پلیئنگ الیون سے باہر کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

آفریدی نے شارجہ میں افغانستان کے خلاف سیریز کے دوران احسان اللہ کی شاندار کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے ہوم سیریز سے باہر کرنے کے فیصلے کو ناقابل فہم اور غیر معقول قرار دیا ہے۔

آفریدی نے کہا کہ احسان اللہ نے شارجہ میں افغانستان کے خلاف سیریز کے دوران بہت اچھی بولنگ کی اور اس لیے انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف نہ کھلانا سمجھ سے باہر ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے سابق کرکٹر رمیز راجہ نے بھی احسان اللہ کو بلیک کیپس کے خلاف پلیئنگ الیون سے باہر کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہدآفریدی نے کہا کہ میری رائے میں پاکستان کو احسان اللہ کو کھیلنے دینا چاہیے وہ پہلے ہی یو اے ای میں افغانستان سیریز میں خود کو ثابت کر چکے ہیں۔

یہ بات قابل غور ہے کہ 20 سالہ نوجوان نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے پی ایس ایل میں ڈیبیو کیا تھا اور وہ 22 وکٹیں لینے کے بعد ٹورنامنٹ کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے۔