پاکستان میں کل بروز ہفتہ عیدالفطر کا تہوار منایا جائے گا عوام الناس کے ساتھ سیاسی قائدین بھی اپنے اپنے آبائی علاقوں میں عید منائیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد میں عید منائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف عید کا تہوار لاہور میں منائیں گے۔ پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان بھی لاہور میں ہی عید کا دن گزاریں اور کارکنوں کے ساتھ عید منائیں گے۔ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اپنے آبائی شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں عید کا تہوار منائیں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی جو عمرہ ادائیگی کے بعد سعودی عرب میں عید منا رہے ہیں۔
سابق صدر مملکت آصف زرداری نوابشاہ اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو لاڑکانہ میں عید منائیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ فیصل آباد، اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف گوجر خان میں عید منائیں گے۔ سینیئر سیاستدان چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی گجرات میں عید منائیں گے۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ملتان میں عید منائیں گے۔ فواد چودھری جہلم ،منظور وٹو اوکاڑہ اور مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان میں عید منائیں گے۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان، سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور، سردار لطیف کھوسہ، وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق، ایازصادق، نگران صوبائی وزیر جاوید اکرم بھی عید کا تہوار لاہور میں ہی منائیں گے۔
شیخ رشید، چوہدری نثار اور نگران صوبائی وزیر جمال ناصر راولپنڈی میں عید کی خوشیاں منائیں گے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، شیریں مزاری اور رضا ربانی کراچی میں عید منائیں گے۔