پاکستان کرکٹ ٹیم میں چاچا کے نام سے مشہور جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے عید کے تیسرے روز کھلاڑیوں میں عیدی تقسیم کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میں چاچا کے نام سے مشہور مڈل آرڈر جارح مزاج بلے باز افتخار احمد سے چاند رات کو کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے عیدی مانگی تھی۔ اس وقت تو افتخار احمد نے یہ مطالبہ ہنس پر ٹال دیا تاہم عید کے تیسرے روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے ڈریسنگ روم میں پانچواں ٹی ٹوئنٹی میچ شروع ہونے سے قبل ساتھی کھلاڑیوں میں عیدی تقسیم کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اس یادگار محبت بھرے لمحات کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں افتخار احمد کے ہاتھ میں کئی لفافے ہیں جنہیں وہ کھلاڑیوں میں تقسیم کرتے نظر بھی آتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جس طرح گھر میں بزرگ بچوں سے کہتے ہیں کہ ایک ایک کرکے آؤ اور عیدی لیتے جاؤ، کچھ اسی طرح افتخار احمد لفافے گننے کے بعد تمام کھلاڑیوں کو کہتے ہیں کہ ایک ایک کرکے آؤ اور عیدی لیتے جاؤ۔
وہ سب سے پہلے اوپنر فخر زمان کو لفافہ دیتے ہیں اس کے بعد شاداب خان، فہیم اشرف، بابر اعظم، عماد وسیم، صائم ایوب، محمد رضوان، محمد حارث، حارث سہیل، شاہین شاہ آفریدی، احسان اللہ سب کو عیدی کے لفافے تھماتے ہیں اور ساتھ ہی گلے مل کر عید کی مبارک باد دیتے ہیں۔
عیدی ملنے پر کھلاڑی بہت خوش نظر آتے ہیں۔ فہیم اشرف کو شرارت کرتے ہوئے ایک ساتھی کرکٹر کا لفافہ بھی لپک لیتے ہیں اور پھر کیمرے میں دکھاتے ہیں کہ ان کے پاس دو دو عیدی کے لفافے ہیں جب کہ شاداب خان، نسیم شاہ اور دیگر کھلاڑی لفافے کھول کر پانچ سو کا نوٹ کیمرے میں دکھاتے ہیں۔
وکٹ کیپر بلے باز عیدی ملنے پر ڈریسنگ روم میں رکھی ایک شال ٹائپ کوئی چیز ازراہ مذاق افتخار احمد کو پہناتے ہیں جب کہ عماد وسیم کہتے ہیں کہ وہ اس عیدی کو زندگی بھر خرچ نہیں کریں گے بلکہ لفافے کو فریم کراکے یادگار کے طور پر رکھیں گے۔
Eidi extravaganza with @IftiMania as he spreads joy among his Pakistan teammates 🙌#PAKvNZ | #CricketMubarak pic.twitter.com/m1Pgunih7I
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) April 24, 2023
اس موقع پر ڈریسنگ روم کا ماحول انتہائی خوشگوار نظر آیا اور کھلاڑی آپس میں عید ملتے، خوش گپیاں کرتے نظر آئے۔ فخر زمان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ایسا بھائی سب کو دے۔