لاہور میں ہائی ٹینشن وائر چھت پر کھیلتے بچوں کو گر گئی جس کے نتیجے میں 8 بچے جھلس گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے چونگی امر سدھو میں واپڈا کی ہائی ٹینشن وائر چھت پر کھیلتے بچوں پر گرنے سے 8 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
بچوں کو زخمی حالت میں میئو اور جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جب دھماکا ہوا تو بچوں کے کپڑے جل رہے تھے کوئی ایمبولینس نہیں آئی تو لوڈر رکشے اور موٹر سائیکل پر اسپتال منتقل کیا۔
بچے کے چچا نے کہا کہ ’بچے اوپر کھیل رہے تھے تو کیبل اچانک بچوں پر گرنے سے دھماکا ہوا۔
علاقہ مکینوں نے واپڈا کی جانب سے تاریں لٹکی ہوئی جس کی وجہ سے اکثر کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آتے ہیں ان تاروں کو یہاں سے ہٹا کر مین روڈ سے گزارا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی لاہور کے علاقے والٹن روڈ پر گھر کی چھت پر ہائی وولٹیج تار گرنے سے 4 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ والٹن روڈ پر واقع ایک گھر کی چھت پر بچے کھیل رہے تھے کہ ہائی وولٹیج تار گر گیا، جس سے جھلس کر 4 بچے زخمی ہوگئے۔