نمبر 4 پوزیشن کیلیے بہترین بلے باز کون؟ سابق کرکٹر نے بتا دیا

پاکستان کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے حال ہی میں ون ڈے کرکٹ میں نمبر چار پوزیشن کے لیے پاکستان کے مثالی بلے باز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

راشد لطیف کے مطابق اس کردار کے لیے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بہترین کھلاڑی ہیں۔

ان کا یہ تبصرہ دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی سات وکٹوں کی شاندار جیت کے بعد سامنے آیا ہے۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ نمبر 4 پر بہترین بلے باز محمد رضوان ہیں۔ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں انہوں نے فخرزمان اور نیوزی لینڈ کے مچل کو سنچریاں بنانے پر مبارکباد پیش کی اور قومی ٹیم کی کامیابی کو سراہا۔

رضوان نے سیریز کے دونوں میچوں میں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کی اور ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ پہلے میچ میں 34 گیندوں پر 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے کے بعد، رضوان نے اپنی بھرپور فارم کو جاری رکھا اور 41 گیندوں پر 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔