عوامی نیشنل پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس میں جے یو آئی (ف) کے اعتراض کے بعد پی ٹی آئی نے شریک ہونے سے انکار کر دیا جس کے بعد اب جے یو آئی اے پی سی میں شرکت کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی نے ملک کے موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور اس میں ملک کی تمام اہم سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا ہے تاہم اے پی سی کے انعقاد میں پی ٹی آئی اور جے یو آئی (ف) کی شرکت تنازع کی صورت اختیار کر گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اے پی سی میں اپنی شرکت کو مشروط کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دے گی تب ہی وہ اس اے پی سی میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی نے اے این پی سے رابطہ کیا اور پی ٹی آئی کو دعوت دینے پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ گزشتہ روز مولانا عطا الرحمان کی قیادت میں وفد نے میاں افتخار حسین اور دیگر سے ملاقات کی تھی۔
جے یو آئی اعتراض کے بعد پی ٹی آئی نے اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔۔ پی ٹی آئی کے انکار کے بعد جمعیت علمائے اسلام اے پی سی شریک ہوگی۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی تھی تاہم اب نہیں جائیں گے جب کہ اے این پی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے تاحال اے پی سی میں عدم شرکت سے متعلق آگاہ نہیں کیا ہے۔