لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جنہوں نے مجھے بچانا ہے وہی توقتل کرنا چاہتے ہیں، انہیں ڈر ہے الیکشن ہو گیا تو ہم جیت جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عدالت میں بیان میں کہا کہ مجھےوزیر آباد میں قتل کرنے کی کوشش کی گئی، میں نے 3 ہفتے پہلے بیان دیا کہ مجھے قتل کرنے کی کوشش ہوگی، جیسے ہی یہ پنجاب میں آئے انہوں نے سب کچھ سبوتاژ کیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بھی مجھے قتل کرنے کی سازش ہوئی ، یہ میری خوش قسمتی تھی میں بچ گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے خدشہ ظاہر کیا کہ اب انہوں نے تیسری بار بھی قتل کرنے کی کوشش کرنی ہے، ان کو ڈر ہے کہ الیکشن ہو گیا تو ہم جیت جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی سیکیورٹی نہیں سابق وزیراعظم کی حیثیت سے بھی نہیں ، جنہوں نے مجھے بچانا ہے وہی توقتل کرنا چاہتے ہیں۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کو تمام مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا اور ہدایت کی کہ جمعے کے روز 2 بجے عمران خان پولیس تفتیش جوائن کریں۔
عدالت نے پنجاب حکومت تفتیش کر کے 8 مئی تک رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔