امریکا میں ایک پرواز سے قبل جہاز کے ایک پَر (ونگ) پر ٹیپ لگاتے دیکھ کر کھڑکی قریب بیٹھی مسافر نے ویڈیو بنالی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سفر کوئی بھی ہو خدشات لاحق ہوتے ہیں اور اگر سفر فضائی ہو تو مسافروں میں جہاز کے اڑنے سے اترنے تک خدشات سر اٹھاتے رہتے ہیں اگر اس دوران کوئی غیر معمولی بات سامنے آ جائے تو پھر کسی بھی مسافر کا اعصابی تناؤ کا شکار ہونا فطری بات ہے۔
کچھ ایسا ہی ہوا الاباما سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون مسافر کے ساتھ جو جہاز میں کھڑی سے متصل سیٹ پر بیٹھی تھی اور پرواز سے صرف چند لمحے قبل اس نے باہر جہاز کے ساتھ کچھ ایسا ہوتا دیکھا جس نے اس کے اوسان خطا کر دیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکا میں واقع نیش ول بین الاقوامی ایئرپورٹ پر پیش آیا جہاں اسپرٹ ایئر لائنز کا ایک طیارہ پرواز کے لیے تیار تھا کہ پرواز سے چند لمحے قبل ایئر لائن کے ملازم کو طیارے کے ایک پر کے قریب ٹیپ لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس منظر کی جہاز میں کھڑکی کے قریب بیٹھی ایک خاتون مسافر نے اپنے موبائل فون کیمرے سے عکسبندی کرلی جو ٹک ٹاک ایپ پر شیئر کیے جانے کے بعد وائرل ہوگئی۔
یہ ویڈیو 37 سیکنڈ پر مشتمل ہے جس کو بنانے والی مسافر کا کہنا ہے کہ مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ ایوی ایشن ہوائی جہاز کا ٹیپ ہے یا کچھ بھی نہیں لیکن میں آئندہ اسپرٹ ایئر لائن کے ساتھ سفر نہیں کروں گی۔
ویڈیو اور اس کو اپ لوڈ کرنے والی خاتون کے ردعمل کو دیکھ کر صارفین کی اکثر تعداد چونک گئی اور انہوں نے مذکورہ خاتون کو یقین دلانے کی کوشش کی کہ یہ کوئی عام چپکنے والی چیز نہیں ہے۔ اسپیڈ ٹیپ ایک ایلومینیم پر مبنی ٹیپ ہے جسے عارضی اور معمولی ہوائی جہاز کی مرمت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اگرچہ کبھی کبھی عام ڈکٹ ٹیپس کے لئے غلطی کی جا سکتی ہے، ہوائی جہاز میں ان کا استعمال بہت عام ہے۔
واضح رہے کہ ہوا بازی کے ماہرین کے مطابق یہ ٹیپ صرف مخصوص مرمت کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اسپیڈ ٹیپس پر موجود مواد 600 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں اور انتہائی ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کر سکتا ہے تاہم اس کا مناسب طریقے سے استعمال کیا جائے۔