وزیر قانون نے پی ٹی آئی سے دوبارہ مذاکرات کا عندیہ دے دیا

اعظم نذیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پی ٹی آئی سے دوبارہ مذاکرات کا عندیہ دے دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور پی ٹی آئی سے دوبارہ مذاکرات کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل صبح حکومتی اتحاد کا جواب بھی سپریم کورٹ میں جمع ہوجائے گا، حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان اختلاف ایک ہی دن الیکشن کی تاریخ پر ہوا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پارلیمان نے حکومت کو پابند کیا ہے کہ ہم چار ججز کا فیصلہ مانتے ہیں، ہماری یہ مجبوری ہے کہ پارلیمان دو، تین کا فیصلہ نہیں مانتی۔

وزیر قانون نے کہا کہ تجویز دی تھی بجٹ کے بعد اتحادیوں کی مشاورت سے اسمبلی تحلیل کریں جبکہ پی ٹی آئی کا مطالبہ تھا کہ اسمبلیاں 14 مئی سے پہلے تحلیل کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی کارروائی کا ریکارڈ دینے کا فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کریں گے۔

اعطم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ پنجاب میں نگراں سیٹ اپ ہے، مرکزی حکومت اینٹی کرپشن کارروائیوں میں شراکت دار نہیں ہوتی ہے۔