اسلام آباد : حکومت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈپروسیجرل قانون کے خلاف درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کردی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے اختیارات کے معاملے پر حکومت نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈپروسیجرل قانون کے خلاف درخواستیں مسترد کرنے کی استدعا کردی۔
وفاقی حکومت نے درخواستوں کےخلاف8 صفحات کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا، جس میں کہا گیا ہے کہ قانون کیخلاف درخواستیں انصاف کے حصول کےعمل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے۔
جواب میں کہا ہے کہ درخواست گزاروں کی قانون کوچیلنج کرنے کی نیت صاف نہیں، پارلیمنٹ کے قانون سازی کےاختیارپرکوئی قدغن نہیں، ماسٹرآف روسٹر کے تصور کو قانونی تحفظ حاصل نہیں۔
قانون سے چیف جسٹس کاآئین کےآرٹیکل 3/184کااختیارریگولیٹ ہوگا، قانون سے عدلیہ کے اختیارات میں کمی نہیں ہوگی۔
قانون میں آرٹیکل3/184کےاختیارمیں اپیل کا حق دیاگیاہے، آئین کا آرٹیکل 10اےفیئرٹرائل کا حق دیتاہے، آرٹیکل 3/184میں نظرثانی کا اختیاربڑامحدودہے، فیئر ٹرائل کیلئے اپیل کا حق ضروری ہے۔