بلدیاتی ضمنی انتخابات میں بدنظمی : الیکشن کمیشن کا سخت کارروائی کا حکم

الیکشن حلقہ بندیوں

صوبہ سندھ کے24اضلاع میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کے موقع پر مختلف شہروں میں ہونے والے بدنظمی کے واقعات پر چیف الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کا حکم جاری کردیا۔

اس حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حیدرآباد کی یوسی119میں ناخوشگوار واقعے میں چیف الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز چھیننے، پولنگ میں خلل، ووٹروں اور پولنگ اسٹاف کو زدوکوب کرنے پر کارروائی کا حکم دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے آئی جی سندھ، چیف سیکریٹری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور متعلقہ حکام کو ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کی ہدایات دیں۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور صوبائی الیکشن کمشنر سے رپورٹ طلب کرلی، ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنائے گا۔