عمران خان اور اسلام آباد پولیس کے درمیان نئی قانونی جنگ کا آغاز

عمران خان

اسلام آباد : سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مختلف مقدمات میں شامل تفتیش ہونے سے متعلق ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے درمیان نئی قانونی جنگ کا آغاز ہوگیا، عمران خان نے مختلف مقدمات میں شامل تفتیش ہونے سے متعلق ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

عمران خان نے اپنے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے متفرق درخواست دائر کردی ، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں، شامل تفتیش ہونے کے لیے آئی جی اسلام آباد ، ایڈووکیٹ جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو خط لکھا۔

درخواست میں بتایا ہے کہ شامل تفتیش ہونے کے لیے لکھے گئے خط کا جواب تک نہیں دیا گیا، شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں مگر سیکورٹی ادارے حکومت کے آلہ کار بن چکے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف سیاسی انتقام پر مبنی سو سے زائد مقدمات درج کئے گئے، سیاسی انتقام سے متعلق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا بیان موجود ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بار بار خط لکھنے کے باوجود مجھے شامل تفتیش ہونے سے متعلق سہولت فراہم نہیں کی جارہی، استدعا ہے کہ عدالت میرے شامل تفتیش ہونے سے متعلق مناسب احکامات جاری کرے۔