ملک بھر کے موسم سے متعلق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دو ہفتے کے دوران ملک بھر میں گرمی کا راج رہے گا اور کئی شہروں میں شدید گرمی پڑے گی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’باخبر سویرا‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مئی اور جون گرم ترین مہینے ہوتے ہیں۔ آئندہ دو ہفتوں کے دران ملک بھر میں گرمی کا راج رہے گا اور کئی شہروں میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے آئندہ دو ہفتے کے دوران گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ اس دوران شہر قائد کا پارہ 26 سے 35 ڈگری کے درمیان رہے گا۔

سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ اسی دوران خیبر پختونخوا اور شمالی علاقہ جات سمیت کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں او گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جس کے باعث ان علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹے گا۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت بالائی اور وسطی سندھ کے بیشتر علاقے اور جنوبی پنجاب کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور کئی شہروں میں درجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرچکا ہے۔