دس گرام سونے کی قیمت پہلی بار دو لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی

سونے کی قیمت

کراچی: ملک میں پہلی بار دس گرام سونے کی قیمت دو لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت 9 ہزار 900 روپے سے بڑھ کر 2 لاکھ 40 ہزار روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت 8 ہزار 484 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 5 ہزار 761 روپے ہوگئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت برقرار رہی اور سونے کی قدر 2031 ڈالر فی اونس ہے۔

دوسری جانب امریکی ڈالر بھی تاریخ کی بلندترین سطح پر پہنچ گیا۔

کاروبار میں ٹریڈنگ کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 5 روپے 16 پیسے مہنگا ہو کر 290 پر جا پہنچا۔

فاریکس ڈیلرز نے بتایا کہ بینکس درآمد کنندگان کو ڈالر 290 روپے میں جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 292 روپے پرفروخت ہورہاہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید دو روپے مہنگا ہوا تھا ، جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی 288 روپے سے بڑھ کر 290 روپے میں فروخت ہوا۔