محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد نے والد کا خواب پورا کردیا

ساجد سدپارہ

مرحوم پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے والد کا خواب پورا کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کوہ پیما ساجد سدپارہ بغیر آرٹیفیشل آکسیجن کے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔

ساجد سدپارہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ میرے والد کا خواب تھا جو آج میں نے پورا کردیا ہے۔

واضح رہے کہ ساجد سدپارہ اس سے پہلے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو اور براڈ پیک بھی سر کر چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ساجد سدپارہ نامور کوہ پیما محمد علی سدپارہ مرحوم کے فرزند ہیں ۔کوہ پیما ساجد سدپارہ نے کہا ہے کہ وہ اپنی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔

اس سے قبل پاکستان سے تعلق رکھنے والی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے بھی دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرلیا۔

نائلہ کیانی کا تعلق صوبہ پنجاب میں راولپنڈی شہر کے علاقے گوجر خان سے ہے۔ رواں سال 2023 میں نائلہ کیانی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی بین الاقوامی کوہ پیما ہیں۔

نائلہ کیانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا کہ 14 مئی کی صبح 8 بج کر 2 منٹ پر وہ شرپا پاسنگ ٹمبا کے ہمراہ ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر پہنچیں۔

الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق نائلہ کیانی نہ صرف گاشر برم ٹو کو فتح کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہیں بلکہ انہوں نے اپنی پہلی مہم میں ہی 8 ہزار میٹر کی چوٹی سر کی۔