مولانا فضل الرحمان کا دھرنا ہوگا، جگہ کا تعین صبح کریں گے، رانا ثنا اللہ

رانا ثنا

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا ہوگا جبکہ جگہ کا تعین صبح کریں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے میڈیا سے گفتگو کی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دھرنا کہاں ہوگا اس بارے میں تعین صبح ہی ہوگا، مولانا فضل الرحمان اتحادی جماعتوں کے سربراہوں سے مشاورت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس رپورٹس ملنے کے بعد انتظامات کیے گئے ہیں، سیکیورٹی اداروں، پولیس اور انتظامیہ کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔

دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’پی ڈی ایم کا دھرنا بالکل پرامن ہوگا، وزیر داخلہ مطمئن ہیں کل امن و امان نظر آئے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مظاہرے میں کسی قسم کی شرانگیزی نہیں ہوگی، یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ دھرنے میں ایک گملا بھی نہیں ٹوٹے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ رانا ثںا اللہ کی سپریم کورٹ کے باہر احتجاج نہ کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم فیصلہ کرچکے ہیں فیصلہ اب عوام کی عدالت میں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوچکے کارکنان پر امن احتجاج کریں گے، کارکنان گملہ یا پودہ بھی نہیں توڑیں گے، ہم پرامن لوگ ہیں۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا تھا کہ کل عوام نکلے گی اور فیصلہ بھی اب عوام کی عدالت میں ہوگا۔