عمران خان کو گرفتار کرنے سے متعلق نگراں پنجاب حکومت کا بیان آگیا

پنجاب کی نگراں حکومت کا سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے سے متعلق مؤقف سامنے آگیا۔

نگراں وزیر اطلاعات و نشریات عامر میر نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، عمران خان لوگوں کو اشتعال دلانے کیلیے ایسے بیانات دے رہے ہیں۔

قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کیا تھا کہ میرے گھر کو پولیس نے گھیر لیا ہے، ہو سکتا ہے کہ یہ میرا آخری پیغام ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کے تحت پولیس نے جیل روڈ سے کینال روڈ بند کر دیا ہے۔ جیل روڈ سے زمان پارک جانے والا انڈر پاس بھی بند ہے۔ زمان پارک کے اطراف میں پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔

عمران خان کے چیف آف اسٹاف شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ زمان پارک چھاپے کا منظر ریکارڈ کرنے کیلیے آئیں، آج رات پولیس کی جانب سے یہاں چھاپہ مارا جا رہا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ منصوبے کے تحت لوگوں کو لا کر زمان پارک سے گرفتاری کی جائے گی، تاثر دیا جائے گا کہ ہم نے لوگوں کو زمان پارک میں پناہ دی ہے۔