عدالت کے احاطہ میں’’مریم کے پاپا چور ہیں‘‘کے نعرے ، کیپٹن (ر)صفدر غصے میں آگئے

کیپٹن صفدر

لاہور : مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر عدالت کے احاطہ میں’’مریم کے پاپا چور ہیں‘‘کے نعرے پر غصے میں آگئے اور نعرے لگانے والے شخص کو برا بھلا کہا۔

تفصیلات کے مطابق کیپٹن صفدر کی عدالت میں حاضری پر ایک شخص نے ‘مریم کےپاپا چور ہیں‘کے نعرے لگانا شروع کردیے۔

جس پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر غصے میں آگئے اور نعرے لگانے والے شخص کو سخت زبان میں برابھلا کہتے رہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا کہ پاکستان کا یہ حال کرنے کے بعد تمہیں مریم کے پاپا یاد آگئے، انھوں نے نعرے لگانے والے شخص کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ تم نیچے آؤ پھر تمہیں دیکھتے ہیں۔

اس موقع پر کیپٹن ر صفدر نے کہا ہے کہ 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن تھا جس طرح شر پسندوں نے آرمی املاک، تاریخی عمارات، شہدا کی یادگاروں کو نقصان پہنچایا قوم انہیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے دفاع کے لیے ہمیشہ فوج کے ساتھ کھڑے رہیں گے کسی سیاسی جماعت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ عسکری قیادت یا پاک فوج کے کسی اہلکار کو برا بھلا کہے۔

کیپٹن صفدر نے مزید کہا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے شر پسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔