فوادچوہدری نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا

سابق وفاقی وزیر فوادچوہدری نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

نو مئی کے پرُتشدد واقعات، جلاؤ گھیراؤ اور حساس تنصیبات پر حملوں کے بعد ایک جانب شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں تو دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں کی طرف سے حملوں کی مذمت کرکے پارٹی اور سیاست چھوڑنے کا سلسلہ برقرار ہے۔

شیریں مزاری اور عامر کیانی کے بعد فوادچوہدری نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کر لی ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر جاری پیغام کے ذریعے پی ٹی آئی اور عمران خان سے علیحدگی کا اعلان کیا۔

ٹوئٹ میں فوادچوہدری نے لکھا کہ وہ سیاست سےبریک لے رہے ہیں۔ فوادچوہدری پی ٹی آئی کے سینئر رہنما ہیں اور وہ پارٹی کے نائب صدر کی ذمہ داریاں بھی نبھا چکے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی سابق رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نو مئی کے واقعات پر افسوس ہے اور یہ واقعات قابل مذمت ہیں، میں کبھی بھی اپنی افواج کے بارے میں غلط بات نہیں سن سکتی۔

گزشتہ روز صائمہ ندیم غیرملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے503 سے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو جارہی تھیں،صائمہ ندیم کو پرواز ٹیک آف ہونے تک آگے نہ جانے دیا گیا،صائمہ ندیم کو پرواز روانگی کے بعد پولیس اپنے ساتھ لے گئی تھی۔