ناقابل یقین پیشکش، پیزا ابھی کھائیں اور بل دیں مرنے کے بعد!

کاروباری افراد کا اپنی مصنوعات کے فروغ کے لیے دلچسپ آفرز دینا عام ہے جیسا کہ نیوزی لینڈ کے ایک ریسٹورینٹ نے پیزا ابھی کھانے اور مرنے کے بعد بل ادا کرنے کی منفرد آفر دی ہے۔

روٹی جیسی گولائی میں مختلف لوازمات سے آراستہ خوش ذائقہ پیزا بہت سارے لوگوں بالخصوص نوجوان نسل کی پسندیدہ خوراک ہے۔ یہ اٹلی کی ڈش ہے جو اب دنیا بھر میں مقبول عام ہے اور روایتی کے ساتھ اپنے اپنے اپنے ماحول اور مزاج کے مطابق مختلف ذائقوں میں پیزا بنایا جاتا ہے۔

موجودہ دور میں ہر چیز میں مسابقت در آئی ہے اور کاروباری افراد اپنی مصنوعات کے فروغ کے لیے آئے روز نت نئی آفرز لاتے رہتے ہیں لیکن نیوزی لینڈ کا ایک پیزا ریسٹورینٹ وہ آفر دی ہے جس پر یقین نہیں آسکتا۔ یہ آفر ہے کہ پیزا ابھی کھائیں اور بل اپنی موت کے بعد ادا کریں۔

یہ منفرد اور حیران کن پیشکش دینے والے ریسٹورینٹ کا نام ہل پیزا ہے جس نے ’آفٹر لائف پے‘ پروموشن شروع کی ہے جو کہ ان دنوں نیوزی لینڈ کے مختلف شعبوں میں اپنائی جا رہی ہے۔

ہیل پیزا کے سی ای او بین کمنگ نے کمپنی کی ویب سائٹ پر کہا کہ ہم کافی تعداد میں لوگوں کو دیکھ رہے ہیں کہ وہ خوراک جیسی ضروری اشیا خریدنے کے لیے اسکیموں کا استعمال کر رہے ہیں لیکن ہماری یہ پیشکش کہ ابھی خریدیں اور مرنے پر ادا کریں تمام اسکیموں سے انوکھی ہے۔

پیزا ریسٹورنٹ نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے 666 اور آسٹریلیا سے بھی 666 صارفین کو آفٹر لائف پے پروگرام کے لیے چنا جائے گا جس کے بعد وہ پیزا خریدیں لیکن اس کی ادائیگی میں اس وقت کریں جب تک وہ دوسرے جہاں نہ سدھار جائیں۔

اس اسکیم کے تحت ریسٹورنٹ نے بتایا کہ منتخب کردہ افراد اپنی وصیت کے طور پر ایک معاہدے پر دستخط کریں گے جس سے ان کے پیزا کی قیمت اُن کے مرنے کے بعد وصول کی جائے گی۔ بعد از مرگ وصول کی جانے والی قیمت پر کوئی سود یا ٹیکس لاگو نہیں ہوگا اور معاہدے پر قانونی طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔