جیکی چن کی دولت کا وارث اکلوتا بیٹا نہیں تو پھر کون؟ اداکار کی وصیت

کئی دہائیوں سے ہالی ووڈ انڈسٹری کے ذریعے دنیا بھر کے کروڑوں شائقین فلم کے دلوں پر راج کرنے والے جیکی چن کی دولت ان کے بیٹے کو نہیں ملے گی۔

جیکی چن جن کا شمار دنیا کے امیر ترین اداکاروں میں ہوتاہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران کروڑوں ڈالرز کمائے اور فوربز کے تخمینے کے مطابق صرف جون 2019 سے جون 2020 کے دوران ایک سالہ مدت میں اداکار نے 4 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کمائے لیکن اس دولت میں سے ان کے اکلوتے بیٹے جیسی چن کو کچھ نہیں ملے گا۔

ہالی ووڈ اداکار 2011 میں اپنی دولت سے متعلق وصیت کا اعلان کر چکے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنی تمام دولت فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کر جائیں گے اور ان کے بیٹے کو اس میں سے کچھ نہیں ملے گا۔

جیکی چن کے مطابق انہوں نے اپنے بیٹے کے لیے فلمی کیریئر کے دوران کمائے گئے کروڑوں ڈالرز چھوڑنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی، اگر وہ کسی قابل ہوا تو اپنی قسمت خود بنا لے گا اور اگر نا اہل ہوا تو میری دولت کو ضائع کر دے گا۔

اداکار کے اکلوتے بیٹے جیسی کو 2014 میں منشیات رکھنے کے الزام پر گرفتار بھی کیا گیا تھا جس پر جیکی چن نے چینی سوشل میڈیا پر شرمندگی اور معذرت کا اظہار بھی کیا تھا۔

واضح رہے کہ جیکی چن نے 1954 میں ہانگ کانگ میں ایک انتہائی غریب خاندان میں آنکھ کھولی اور اوائل عمری میں اسٹیج ڈراموں اور اوپرا تھیٹر سے پرفارمنس کا آغاز کیا۔

جیکی چن ابتدائی دنوں میں بطور اسسٹنٹ کام کرتے رہے۔ بعد ازاں انہیں اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا اور پھر وہ دیکھتے ہی دیکھتے چین سے امریکا اور ہانگ کانگ سے برطانیہ تک چھا گئے۔ جیکی چن نے جون لین سے 1982 میں باضابطہ شادی کی تھی، جس سے ان کا ایک بیٹا جیسی چن ہے، جو خود بھی اداکار ہے۔