کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا ہے۔
ایس ایس پی زبیرنذیر شیخ نے واقعے سے متعلق میڈیا کو بتایا کہ قیوم آباد سے بلوچ کالونی جانے والی سڑک پر فائرنگ ہوئی ہے، فائرنگ کا واقعہ چائے کے دھابے پر پیش آیا، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔
زبیرنذیر شیخ نے بتایا کہ پولیس اہلکار وارث خان یونیفارم میں تھا، ابتدائی تحقیقات کےمطابق لگتا ہے کہ دو طرفہ مقابلہ ہوا ہے، ممکنہ طورپرواقعہ ٹارگٹ کلنگ کا بھی ہوسکتاہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہید اہلکارکا تعلق ٹریفک پولیس سے ہے، واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز نے جائے حادثے پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک احمد نوازچیمہ نے جناح اسپتال میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہید اہلکار زمان ٹاؤن ٹریفک سیکشن میں سکیورٹی ڈیوٹی پرمامورتھا، وارث کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ وارث خان اور ساتھی نمازمغرب کی ادائیگی اور چائےپینےکیلئےگئےتھے، بدقسمتی سےاہلکاراور ساتھی ہوٹل پہنچے تو وہاں واردات ہورہی تھی، ڈاکوؤں نے سمجھا کہ پولیس آگئی اور انہوں نے فائرنگ کردی، اہلکاروارث کو اپنا پستول نکال کرفائرنگ کرنےکا موقع تک نہیں ملا، حملہ آورکی جانب سےفائرنگ کی گئی وہ غیرمعمولی تھی۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ گردن،پیٹ میں گولی لگنے پراہلکار زمین پرگرے،ملزمان ان کا پستول بھی لےگئے، شہید اہلکارکی نمازجنازہ کل صبح گارڈن ہیڈ کوارٹرمیں ادا کی جائےگی۔