القادر ٹرسٹ ڈیڈ پر دستخط کرنے والے وکیل کا بیان ریکارڈ

بانی پی ٹی آئی کیخلاف ریفرنسز کی پیروی کیلیے نیب کی خصوصی ٹیم تشکیل

اسلام آباد: 190ملین پاؤنڈاسکینڈل میں القادر ٹرسٹ ڈیڈ پر دستخط کرنے والے وکیل کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا۔

نیب نے وکیل طالب حسین سےسوال کیا کہ آپ نے کس حیثیت میں ٹرسٹ ڈیڈ پر دستخط کئے؟ تو طالب حسین نے جواب دیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے زمین زلفی بخاری سے منتقل کرانے کی اتھارٹی دی۔

نیب نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے فراہم کیا گیا اتھارٹی لیٹر 5 جون کو نیب کو دیا جائے۔

پھر نیب نے پوچھا کہ القادر ٹرسٹ کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے کتنے عطیات ملے؟ تو وکیل نے جواب دیا مجھے اس حوالے سے کوئی علم نہیں میں نے صرف 458 کنال زمین منتقلی کی ٹرسٹ ڈیڈپر دستخط کیے تھے۔

نیب نے وکیل طالب حسین کو 5 جون کو دوبارہ طلب کر لیا۔

علاوہ ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے نیب راولپنڈی کو القادر ٹرسٹ کیس میں خط لکھ دیا، جس میں کہا ہے کہ مجھے نیب کی جانب سے 30 مئی کو بطور گواہ پیش ہونے کے لیے نوٹس ملا۔

خط میں کہا ہے کہ 13 دسمبر 2019 کو کابینہ اجلاس میں القادر ٹرسٹ کا معاملہ اٹھایا گیا، القادر ٹرسٹ کا معاملے اٹھانے سے قبل میں کابینہ سے نکل چکا تھا۔

شیخ رشید کا خط میں کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کے حوالے سے میرے پاس کوئی معلومات یا ثبوت نہیں ہیں، شہزاد اکبر کے ساتھ میرے تعلقات کشیدہ ہیں، میری بات چیت تک نہیں تھی۔