ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے کہا ہے کہ سعودی حکام کے تعاون سے مزید رہائشوں اور سہولیات کا حصول کامیابی سے جاری ہے مدینہ منورہ میں تمام پاکستانی عازمین حج کو رہائش گاہیں فراہم کی گئیں ہیں۔
عازمین حج سے ملاقاتوں اور انتظامات و سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد ڈی جی حج نے کہا کہ عازمین کو مسجد نبوی ﷺکے قریبی علاقوں میں رہائش ، خوراک ، ٹرانسپورٹ فراہم جارہی ہیں گنجائش اور بجٹ کے مطابق عازمینِ کرام کو تمام تر سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمرہ زائرین کی موجودگی اور توسیعی منصوبہ کے باعث مشکلات کے باوجود رہائشیں لینے میں کامیاب رہے مدینہ منورہ میں ریاض الجنہ کی زیارت کیلئے معاونین حج کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جب کہ پاکستان حج مشن سہولیات کے حصول کیلئے متعلقہ سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
ڈی جی حج نے اپیل کی کہ پاکستانی عازمینِ حج سعودی اور پاکستانی حکام کی ہدایات اور متعلقہ قوانین پر عمل کریں عازمین شکایت یا رہنمائی کیلئے رہائش گاہ میں تعینات متعلقہ بلڈنگ معاون سے رابطہ کریں، معاونین کو عازمین حج کی معاونت کیلئے سخت ہدایات جاری کر دی ہیں کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عازمینِ حج لفٹوں کے استعمال اور کھانے کے اوقات میں صبر تحمل سے کام لیں نماز اور کھانے کے اوقات میں لفٹوں پر رش قدرتی عمل ہے؛ عازمین سہولیات کو مرحلہ وار استعمال کریں۔