قومی سلامتی کمیٹی کا آج ہونیوالا اجلاس ملتوی

قومی سلامتی کمیٹی کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے یہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔

آج ہونے والے اجلاس میں عسکری اور سیاسی قیادت نے شرکت کرنا تھی اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، 9 مئی واقعات کے بعد ہونے والے اقدامات پر بریفنگ دینا تھی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو ترک صدر نے مدعو کیا ہے وہ کل انقرہ میں ہونے والی صدارتی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

 شہباز شریف آج شام ترکیہ کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔ وہ تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے علاوہ صدر اردوان اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔