پیپلزپارٹی کے رہنما و ممکنہ امیدوار میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نمبرگیم چھوڑیں جماعت اسلامی کا گیم ختم ہو چکا۔
کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان صاحب اس وقت مودی کے دوست کے ساتھ کھڑے ہیں مجھےان کا ایجنڈا کچھ اور نظر آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی والوں نے بُرا وقت دیکھا ہے اب اچھا وقت شروع ہو رہا ہے دودھ کی قیمت پر کمشنر سے بات کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین پی ٹی آئی نے کراچی کے میئر کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمن کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام چیئرمین کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کی تعمیر و ترقی، شہر کی حالت بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے میئر کراچی کے انتخابات میں حافظ نعیم الرحمن کو ووٹ دیں۔
یہ اعلان انہوں نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ اور امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے جمعرات کو اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کے دوران کیا۔ لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمن نے پی ٹی آئی کی جانب سے جماعت اسلامی کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔