پشاور : اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والا پی ٹی آئی کارکن گرفتار

پشاور پی ٹی آئی

پشاور: نو مئی کو احتجاج کے دوران اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والے پی ٹی آئی کارکن کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے بھیس بدل رکھا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نو مئی کو سرکاری اور عسکری تنصیبات پر جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ میں ملوث شرپسندوں کی شناخت اور گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔

پشاور میں ہرزہ سرائی کرنے والا کارکن بھی قانون کے شکنجے میں آگیا، پولیس نے پشاور سے نو مئی کو احتجاج کے دوران ہرزہ سرائی کرنے والے پی ٹی آئی کارکن کو گرفتار کرلیا۔

ملزم شہریار گرفتاری سے بچنے کے لئے بھیس بدل رکھا تھا، جس کے باعث چھاپے کے دوران پولیس کو شناخت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

اس سے قبل تحریک انصاف کی سابق رکن پنجاب اسمبلی فرحت فاروق کو گرفتار کرلیا گیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ نو مئی کو ملزمہ جناح ہاؤس کے باہر شرپسندوں کو اکسا رہی تھیں۔

یاد رہے ریڈیو پاکستان پشاور میں لوٹ مار کرنے والا ملزم بھی پکڑا گیا تھا ، ملزم جانی شہزاد چارسدہ سے قانون کے شکنجے میں آیا ، جس سے لوٹا گیا سامان بھی برآمد کرلیا گیا تھا۔