وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز میں کھلے عام غلط معلومات فراہم کرکے گمراہ کر رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز میں کھلے عام غلط معلومات فراہم کرکے گمراہ کر رہے ہیں۔ ان کے انٹرویوز میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی احتجاج کے حق پر گمراہ کن وضاحت دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز کا مقصد ملک سے باہر رائے سازوں پر دباؤ ڈالنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ واضح کردوں ان کی پارٹی نے 9 مئی کو جو کیا وہ ریاست پر حملہ تھا۔ اس روز جو کچھ کیا گیا اس میں مذموم ارادے اور مذموم مقاصد شامل تھے۔ دنیا کا کوئی بھی ملک اپنی سالمیت تباہ کرنے کی کوشش کو برداشت نہیں کرے گا۔
بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ اپنے انٹرویوز میں عمران نیازی دانستہ طور پر کھلے عام مقامی اور بین الاقوامی سامعین کو بڑی مہارت سے جھوٹی باتوں اور غلط بیانی سے گمراہ کر رہے ہیں۔انکا 9 مئی کے بعد کے واقعات کو انسانی حقوق کی پامالی اور سیاسی احتجاج کو دبانے کے زاویے سے پیش کرنے کا مقصد…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 5, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو انسانی حقوق پر آئینی، بین الاقوامی ذمے داریوں کا احترام اور پابند ہے، یقین دلاتا ہوں مجرموں سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا ہر معاملے کو قانون کے تحت مناسب طریقے سے نمٹایا جائے گا اور میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔