کراچی: میئر کراچی نامزد ہونے کے بعد پیپلزپارٹی رہنما مرتضیٰ وہاب کا پہلا بیان آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی رہنما مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ قیادت نے مجھ پر بھروسہ کیا ہے جو پارٹی نے ذمہ داری ہے اسے پوری کروں گا اور کراچی کے مسائل حل کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو، آصرف زرداری اور ادی فریال کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تمام جیالوں کا شکریہ کہ مجھے خدمت کا موقع دیا، کراچی کی خدمت کریں گے اور تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کے لئے میئر کا نام کاشف شورو اور نائب میئر صغیر قریشی ہوں گے۔
اس کے علاوہ ٹنڈوالہیار ڈسٹرکٹ کونسل کے لیے چیئرمین میر پپو تالپر اور دریا خان مری نائب چیئرمین ہیں، ٹنڈو الٰہیار میونسپل کمیٹی چیئرمین سید ثمر حسین شاہ سلیم خانزادہ امیدوار ہونگے۔
واضح رہے کہ ذرائع کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کیلئے مرتضیٰ وہاب کا نام مراد علی شاہ اور شازیہ مری کی سفارش پر فائنل کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ میئر کراچی کے لیے 15 جون کو کے ایم سی بلڈنگ میں انتخابات ہوں گے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان میئر کراچی کے امیدوار ہیں اور پاکستان تحریک انصاف نے بھی میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔