امریکا میں محمد رضوان کی اذان اور سڑک کنارے نماز کی ادائیگی، ویڈیوز وائرل

قومی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان امریکا میں دین اسلام کے سفیر بن گئے ان کی اذان دینے اور سڑک کنارے نماز پڑھنے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔

قومی کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان جو ان دنوں ہارورڈ بزنس اسکول کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام کے سلسلے میں امریکا میں قیام پذیر ہیں۔ اسٹار وکٹ کیپر بلے باز اپنے قیام کے دوران امریکا میں اسلام کے سفیر بن گئے ہیں۔

محمد رضوان جنہوں نے گزشتہ دنوں ہارورڈ میں اپنی ٹیچر کو قرآن پاک کا تحفہ پیش کیا تھا اب سوشل میڈیا پر ان کے اذان دینے اور سڑک کنارے نماز پڑھنے کا چرچا ہے۔

سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں ایک میں وہ اذان دیتے سنائی اور دکھائی دیتے ہیں جب کہ دوسری ویڈیو میں وہ دوران سفر نماز کا وقت ہونے پر کار روک کر سڑک کنارے نماز کا فریضہ ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔

امریکا میں قیام کے دوران دین اسلام کا سفیر بننے اور فرائض کی ادائیگی سمیت تبلیغ دین کرنے پر ان کے پرستاروں سمیت صارفین کی بڑی تعداد محمد رضوان کی گرویدہ ہوگئی ہے۔

ان کی اذان دینے اور سڑک کنارے نماز کی ادائیگی کی ویڈیو کو صارفین کی بڑی تعداد دیکھ کر ان کے دینی جذبے کو سراہ رہی اور نوجوانوں کے لیے مشعل راہ قرار دے رہی ہے۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل محمد رضوان نے ہارورڈ بزنس اسکول کی اپنی انگریز استانی کو قرآن پاک کا تحفہ بھی دیا تھا۔