سپریم کورٹ کے سینئر وکیل کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

سپریم کورٹ وکیل

کوئٹہ : بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے وکیل عبدالرزاق جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شاہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

کوئٹہ ائر پورٹ روڈ پر سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شاہ گھر سے ہائی کورٹ جارہے تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض کا کہنا ہے کہ 14گولیاں فائر کی گئیں مگر وجہ موت کی سر پر گولی لگنا بنی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے ایئرپورٹ روڈ پر سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کےتمام پہلوؤں کاجائزہ لےکرفوری رپورٹ پیش کی جائے۔

میرعبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔