محکمہ موسمیات نے رواں سال ملک میں مون سون بارشوں کے حوالے سے پیشگوئی کر دی ہے جس کا آغاز جولائی کے مہینے سے ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک میں رواں سال مون سون کے حوالے سے پیشگوئی کر دی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس سال مون سون کے دوران معمول کے مطابق یا اس سے کچھ کم بارشیں ہونے کا امکان ہے تاہم شمالی علاقہ جات میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا آغاز جولائی سے ہوگا اور ستمبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران موسلا دھار بارشوں سے اربن اور فلیش فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان میں مون سون کے دوران ہونے والی تباہ کن بارشوں نے کئی دہائیوں کے ریکارڈ توڑ ڈالے تھے۔
بارشیں ملک بھر میں برسیں تھیں لیکن اس کا سب سے زیادہ نشانہ سندھ اور خیبرپختونخواہ کے صوبے اور جنوبی پنجاب کا کچھ علاقہ بنا تھا جہاں ملک کا 60 فیصد حصہ پانی میں ڈوب گیا تھا اور اس کی تباہی کے آثار آج تک موجود ہیں۔
موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں ہونے والی اس تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے درجنوں قیمتی جانیں ضائع، ہزاروں افراد زخمی ولاپتہ جب کہ لاکھوں بے گھر ہوکر محفوظ مقامات پر پناہ گزین ہوئے تھے جب کہ پاکستان کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا تھا۔