’انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے‘، شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل سے رہا

’انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے‘، شاہ محمود قریشی اڈیالہ جیل سے رہا

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد کہا کہ انصاف کا جھنڈا میرے ہاتھ میں ہے، کارکنان حوصلہ رکھیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں اُس تحریک کا حصہ ہوں جو خود دار، خود مختار اور حقیقی طور پر آزاد پاکستان دیکھنا چاہتی ہے، قید تنہائی میں ایک مہینہ گزرا ہے جہاں چیزوں کا جائزہ لینے کا وسیع وقت ملا، اللہ کا شکر ہے کہ مجھے ہمت سے وقت گزارنے کا حوصلہ دیا۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جیل میں موجود قیدی کیسے کسی کو اُکسا سکتا ہے؟ میں تو جیل میں تھا کیسے کسی کو اکسا سکتا تھا؟ ہم نے کیس لڑا اور عدالت میں سرخرو ہوئے، پراسیکیوشن کے پاس کوئی ٹھوس جواب نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے 9 مئی کو جب روانہ ہوا تو میری اہلیہ بیماری کے باعث اسپتال میں تھیں، اہلیہ کو اپنی ذمہ داریاں بتائیں تو انہوں نے کہا کہ جائیں ہماری فکر نہ کریں، قید تنہائی میں بھی میرے بچوں نے بہت ساتھ دیا، بچوں نے کہا کہ کسی دباؤ میں نہیں آنا اور ہماری وجہ سے پریشان نہیں ہونا۔

شاہ محمود قریشی نے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان سے کہتا ہوں کہ آزمائش کا وقت ہے، مشکل ہے اور حوصلہ رکھیں، ہر غروب کے بعد ایک طلوع بھی ہوتی ہے، ہزاروں لوگ قید ہیں ان کی رہائی کیلیے کام کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کروں گا اور سیاسی صورتحال پر رہنمائی لوں گا، ان سے ملاقات میں سیاسی صورتحال سے متعلق گفتگو کروں گا۔