گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے بی سی سی آئی کے سابق اینٹی کرپشن چیف نے بھارتی بورڈ کو دنیا کا کرپٹ ترین کرکٹ بورڈ قرار دے دیا۔
وہ مثل تو سب نے سن ہی رکھی ہوگی کہ گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے یا پھر گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے، لیکن یہ ضرب المثل حرف بہ حرف پڑوسی ملک بھارت کے حوالے سے درست ثابت ہوئی اور بی سی سی آئی کے سابق اینٹی کرپشن چیف نے اپنے بورڈ میں ہی کرپشن کا سارا کچا چٹھا دنیا کے سامنے کھول کر رکھ دیا۔
نیرج کمار جو بی سی سی آئی کے سابق اینٹی کرپشن چیف ہیں ان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ دنیا کا کرپٹ ترین بورڈ ہے جس نے کرپشن کے کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔
نیرج کمار کا کہنا ہے کہ انہوں نے بطور اینٹی کرپشن چیف بی سی سی آئی میں تین سال ذمے داری نبھائی۔ اس دوران آئی سی سی میں کرپشن کے 50 کیسز میں سے 47 کیس بھارت سے نکلے۔
سابق چیف اینٹی کرپشن نے کہا کہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور دیگر بورڈز بھارت کو پیسہ دینے میں محتاط رہیں ساتھ ہی انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ایسے بورڈز کو زیادہ منافع نہ دے جہاں کوئی احتساب نہیں ہوتا۔