اوول میں جاری ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں آسٹریلیا کی گرفت مضبوط نظر آ رہی ہے آج تیسرے دن بھارت کو فالو آن سے بچنے کے لیے 158 رنز درکار ہیں اور اس مستند بیٹرز سمیت آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے۔
اوول کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ کرکٹ پر عالمی حکمرانی کی جنگ جاری ہے جس میں اب تک آسٹریلیا کی گرفت مضبوط نظر آرہی ہے۔ آج تیسرے دن بھارت 151 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی نامکمل اننگ کا آغاز کرے گا اور اسے فالو آن سے بچنے کے لیے مزید 158 رنز درکار ہیں۔
فائنل ٹیسٹ میں پہلے آسٹریلوی بیٹرز نے دکھایا کمال تو بولرز نے بھارتی بلے بازوں کو پویلین بھیج کر ڈال دیا دھمال یوں بھارتی ٹیم کا اس اہم میچ میں برا حال ہے۔
فائنل ٹیسٹ کے دوسرے روز جب آسٹریلیا کی ٹیم 469 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور بھارتی بلے باز میدان میں اترے تو وہ مثل ایک بار پھر درست ثابت ہوئی کہ گھر کے شیر باہر ڈھیر ہوگئے۔
پھر چاہے بھارت کے سب سے مستند بلے باز ویرات کوہلی ہوں یا کپتان روہت شرما، شبھمن گل ہوں یا پوجارا کسی کا بلا نہ گھوما بلکہ تمام موجودہ بھارتی ٹیم کے یہ تمام بڑے نام کچھ دیر میں ہی پویلین واپس چلتے بنے۔ ایسے میں جدیجہ نے کچھ ہاتھ کھولنے کی کوشش کی لیکن 48 رنز پر وہ بھی ہمت ہار گئے۔
آج ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارتی ٹیم اپنی پہلی نامکمل اننگ کا آغاز 151 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر کرے گی اور اس کو فالو آن سے بچنے کے لیے ابھی بھی 118 رنز کا پہاڑ عبور کرنا ہے جب کہ اننگ کا 318 رنز کا خسارہ ہے ۔ کریز پر بھارتیوں کی آخری امید اجنکے رہانے کی صورت موجود ہے جو 29 رنز پر کریز پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت دوسری بار ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیل رہا ہے اس سے قبل 2021 میں نیوزی لینڈ نے فائنل جیت کا بھارت کے ٹیسٹ کرکٹ میں حکمرانی کا خواب چکنا چور کر دیا تھا۔