پی پی کا آزاد کمشیر الیکشن میں ٹھپوں کا الزام لگانے والوں کو دوبارہ مقابلے کا چیلنج

پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر باغ الیکشن میں ٹھپے لگانے کا الزام لگانے والوں کو دوبارہ مقابلے کا چیلنج دے دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پر باغ الیکشن میں ٹھپے لگانے کا الزام مضحکہ خیز ہے۔ ہم نے الیکشن میں کبھی بھی ٹھپوں پر یقین نہیں کیا، ٹھپوں کا الزام لگانے والے دوبارہ مقابلہ کر لیں ہم تیار ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے الیکشن میں فتح پر کشمیر کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے پیپلز پارٹی پراعتماد کا اظہار کیا، ہواؤں کا رخ تبدیل ہو رہا ہے، جو لوگ کہتے تھے پیپلز پارٹی صرف سندھ میں رہ گئی ہے یہ ان کیلیے جواب ہے اور  پورے پاکستان سے لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت آصف زرداری لاہور میں ہیں اور بہت سے لوگ پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، سابق صدر کے معیشت پر دیے گئے بیان کو سراہا جا رہا ہے، وہ جلد مختلف چیمبر آف کامرس میں جائیں گے اور انہیں اپنا پلان دیں گے کہ بزنس کمیونٹی کیلئے کیا کرینگے، پیپلز پارٹی بزنس کمیونٹی ہو یا شعبہ زراعت سب کیلئے پلان دے گی۔

فیصل کنڈی نے گزشتہ روز پنجاب میں نئ سیاسی پارٹی کی لانچنگ کے حوالے سے کہا کہ چاہے کوئی بھی ہو ہم جمہوری پارٹی کو عزت واحترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

 انھوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ آج شام کوحکومت ایک اچھابجٹ پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز باغ میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ن لیگی رہنماؤں  نے پیپلز پارٹی پر دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور ن لیگی رہنما حنا پرویز بٹ نے اس حوالے سے ٹویٹ کرکے پیپلز پارٹی پر ٹھپے لگانے کے الزامات لگائے تھے۔