سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دوران پاکستانی مداح کی خواہش پوری کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ کے دوران ہربھجن سنگھ نے پاکستانی مداح سے ملاقات کی اور آٹوگراف دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں ہربھجن سنگھ کو وہیل چیئر پر بیٹھے اسپیشل مداح سے ملاقات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ہربھجن سنگھ خود مداح کے پاس آکر گھٹنوں کے بل بیٹھ گئے اور ان کے بیٹ پر آٹو گراف دیا۔
Respect granted by Harbhajan Singh at Oval,England #HarbhajanSingh | #Cricket pic.twitter.com/gjdca7qM4j
— ' (@shaizitarar) June 8, 2023
ویڈیو بنانے والا شخص ہربھجن سنگھ کو بتارہا ہے کہ یہ ان کا پاکستانی مداح ہے، اس دوران اسی شخص نے لڑکے سے یہ بھی پوچھا کہ آٹو گراف دینے والا کون ہے اس پر لڑکے نے ہربھجن کو شعیب اختر کا دوست قرار دیا۔
ہربھجن کی مداح سے ملاقات کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہربھجن سنگھ نے 103 ٹیسٹ میچز میں 417 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 236 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں ان کی وکٹوں کی تعداد بالترتیب 269 اور 25 ہے۔