’بجٹ سے متعلق آئی ایم ایف کو مطمئن کرنا ہوگا‘

معاشی تجزیہ کار

کراچی: معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو بجٹ سے متعلق آئی ایم ایف کو مطمئن کرنا ہوگا۔

اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معاشی تجزیہ کار خرم شہزاد نے کہا کہ میری نظر میں آئی ایم ایف بجٹ سے متعلق تحفظات کا اظہار کرے گا۔

انہوں کہا کہ میری نظر میں یہ وقتی طور پر الیکشن کے لیے بجٹ دیا گیا ہے، 4 مہینے بعد نئی حکومت کو نیا بجٹ پیش کرنا ہوگا۔

خرم شہزاد نے کہا کہ بجٹ میں لیپ ٹاپ کی جگہ دوسری اسکیمز رکھی جاتی تو اس سے زیادہ فائدہ ہوتا۔

خام خیالی پر مبنی بجٹ پیش کیا گیا ہے، مزمل اسلم

دوسری جانب ماہر معاشیات مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ خام خیالی پر مبنی بجٹ پیش کیا گیا ہے، حکومت نے اہداف تو مقرر کردیے لیکن پورے کیسے ہوں گے۔

مزمل اسلم نے کہا کہ خسارہ بہت زیادہ ہے، سبسڈی زیادہ رکھی گئی ہے آئی ایم ایف بجٹ مسترد کردے گا، ٹیکس اہداف درست نہیں رکھا گیا جس کی وجہ سے آئی ایم ایف مسترد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی کہا تھا کہ یہاں وہاں سے پیسے آجائیں گے وہ چلے گئے لیکن آج تک وہ پیسے جمع نہیں کرواسکے۔