نابینا باحجاب لڑکی کی شاندار کارکردگی، دیکھنے والے بھی رو پڑے

نابینا

انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والی نابینا باحجاب لڑکی پوتری آریانی کی آواز نے امریکی پروگرام ’امریکہ گاٹ ٹیلنٹ‘ میں اپنی کارکردگی سے دیکھنے والوں کو محو حیرت کردیا۔

17سالہ پوتری آریانی کو جب اسٹیج پر بلایا گیا تو اس نے ہر سوال کا پراعتماد انداز میں جواب دیا اور اپنی خوبصورت آواز کا جادو میں گانا گاکر ججز کو بے اختیار "گولڈن بزر” بجانے پر مجبور کردیا۔

پوتری آریانی نے پہلے اپنا ایک گانا گایا، جس کے اختتام پر میزبان اور جج سائمن کوول اپنی کرسی سے اٹھ کر اسٹیج کی طرف گئے اور اپنا تعارف پوتری سے کروایا۔ ان کی درخواست پر پوتری نے ایک اور گانا پیش کیا۔

پوتری نے اس کے بعد مشہور گلوکار ایلٹن جان کا گانا "سوری سیمز ٹو بی دا ہارڈسٹ ورڈ” کا انتخاب کیا جس کے بعد پرجوش سامعین نے کھڑے ہو کر انہیں داد دی جن میں سے اکثر ان کی پرفارمنس سے متاثر ہوکر رو پڑے۔

جج سائمن کوول ان کی پرفارمنس سے اس قدر متاثر ہوئے کہ "گولڈن بزر” دبا دیا جو امیدواروں کو لائیو پرفارمنس کے لیے نامزد کرنے کا اشارہ ہوتا ہے اور ہر امیدوار کا خواب بھی۔

کوول نے آریانی کی آواز کو "زبردست” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ فرشتوں پر یقین نہیں رکھتے، لیکن میں سمجھتا ہوں کے میرے خیال میں ابھی ایک فرشتہ ہمارے اسٹیج پر آیا ہے، آریانی آپ ایک سپر اسٹار ہیں۔

این بی سی کے مطابق آریانی نے اپنی شاندار پرفارمنس سے پہلے ججوں کو بتایا کہ ان کا خواب ہے کہ وہ اپنا گلوکاری کا کیریئر شروع کریں، اور وہ امریکی گلوکارہ وٹنی ہیوسٹن کی طرح دنیا کی بڑی گلوکارہ بننا اور گریمی ایوارڈ جیتنا چاہتی ہیں۔